ڈاکٹر طاہرالقادری، عمران خان میں دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ، دونوں جماعتوں کے رہنما ملیں گے
شیخ رشید کی بھی سربراہ عوامی تحریک سے ون ٹو ون ملاقات، حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال
پی ٹی آئی کا اعلیٰ سطحی وفد کل 31 اگست عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے گا
لاہور (30 اگست 2016) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان کے درمیان گزشتہ روز دوبارہ ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کی ہدایت پر کل 31 اگست تحریک انصاف کا اعلیٰ سطحی وفد عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے گا اور سربراہ عوامی تحریک سے ملے گا۔ 3 ستمبر کی احتجاجی ریلیوں اور آئندہ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی گذشتہ روز سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے 3 ستمبر کی ریلیوں اور اے پی سی کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہاکہ میں نے ملتان، ڈی جی خان، گوجرانوالا، کراچی احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی، عوام اس بدعنوان حکومت سے نجات چاہتے ہیں۔ شریف حکومت کی اخلاقی حیثیت ختم ہو چکی، جلد قانونی حیثیت بھی ختم ہو جائے گی۔ شیخ رشید نے عوامی تحریک کے کارکنان کو جنات کی طاقت والے سیاسی کارکنان کا خطاب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ طوفان ہو، دھوپ ہو یا بارش ہو ڈاکٹر طاہرالقادری کے کارکن جو ٹھان لیتے ہیں کر گزرتے ہیں۔
تبصرہ