حکومت کا عدلیہ پر عدم اعتماد منفرد واقعہ ہے: قاضی شفیق
عدلیہ پر عدم اعتماد کرنے والی حکومت کے ہوتے قانون کی حکمرانی
کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے؟
چیف جسٹس سے استدعا ہے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر بھی نوٹس لیں
لاہور (26 جولائی 2022) پاکستان عوامی تحریک شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کا بائیکاٹ کرنا ایشیاء کی تاریخ کا منفرد واقعہ ہے جو حکومت عدلیہ پر عدم اعتماد کرے اس حکومت کے ہوتے ہوئے قانون کی حکمرانی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ امپائر ساتھ ملا کر کھیلتی ہے۔ اس بار شاید ان کی بات نہیں بن رہی۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی سیاست میں خطوں کا عمل دخل بہت بڑھ گیا ہے۔ نواز شریف سے منی ٹریل مانگی گئی تو وہ قطری خط لے آئے۔ شہباز شریف بھی ایک خط کے نتیجے میں وزیراعظم بنے ہیں اور اب چودھری شجاعت حسین کے خط کے سہارے حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حالت قابل رحم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی قیادت میں سپریم کورٹ پر حملہ ہو چکا ہے اور یہ لوگ ایک بار پھر اپنی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں۔ اگر انہیں پہلے حملے پر سزا مل جاتی تو دوبارہ عدلیہ کی تضحیک کرنے کی جرأت نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 10سال قبل کہا تھا کہ یہ نظام طاقتوروں کا محافظ ہے۔ اس نظام میں غریب آدمی کے لئے نہ تو انصاف ہے اور نہ روزگار۔ قاضی شفیق نے مزید کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال سے اپیل ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے لئے قائم ہونے والی جے آئی ٹی پر سٹے آرڈر ختم کروائیں تاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے چہروں سے نقاب ہٹ سکے۔
تبصرہ