پنجاب حکومت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے اقدامات کرے: عوامی تحریک
سنٹرل پنجاب کے اجلاس میں کارکنوں پر درج جھوٹی ایف آئی آرز واپس لینے کا مطالبہ
57 اسلامی ممالک کشمیر کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں: میاں ریحان مقبول
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ، محرم الحرام کے بعد ورکرز کنونشن کا فیصلہ
لاہور (5 اگست 2022) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کا خصوصی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کی پنجاب حکومت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کے لئے اقدامات کرے۔ سابق حکمرانوں کی طرف سے عوامی تحریک کے قائدین و کارکنان کے خلاف درج ہونے والی جھوٹی اور من گھڑت ایف آئی آرز ختم کی جائیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسروں کو کیس کے حتمی فیصلے تک عہدوں سے ہٹایا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ آزادی پر شہر شہر جشن آزادی مارچ نکالے جائیں گے اور تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لئے شعور اجاگر کیا جائے گا۔
اجلاس میں واقعہ کربلا کے حوالے سے امام عالی مقام علیہ السلام اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا گیا اور یزید کے باطل اقتدار کے خلاف اہل بیت اطہار کی عظیم قربانیوں کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ظالم و استحصالی قوتوں کے خلاف کلمہ حق بلند کرتے رہیں گے۔
اجلاس میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا گیا اور عالم اسلام کے 57 ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آزادی کشمیر کے لئے اپنا سیاسی، سفارتی کردار ادا کریں اور کشمیری عوام کے خلاف بھارت کے غیر انسانی اقدامات بند کروائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے بعد پنجاب میں ورکرز کنونشن منعقد کئے جائیں گے۔ تنظیم سازی اور رکنیت سازی مہم کو تیز کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات میں اپنا بھرپور سیاسی و انتخابی کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا گیا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے جبکہ وفاقی حکومت کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے سے انکاری ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بجلی کے بلوں میں فکس ٹیکس کے نام پر جو جگا ٹیکس لیا جارہا ہے اسے فی الفور ختم کیا جائے۔ اجلا س میں مفتاح اسماعیل کی ناکام اور معیشت دشمن اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اُس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود، ملک کرامت علی، قاری مظہر فرید سیال، میاں کاشف محمود، چوہدری افضل وڑائچ، آصف علی گجر، عبد الکریم کمیانہ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، ملک فاروق احمد، ملک احمد اخوان و دیگر رہنما موجود تھے۔
تبصرہ