75واں جشن آزادی سرسبز پاکستان کے عزم کے ساتھ منایا جائے: خرم نواز گنڈاپور
ہر پاکستانی ایک پودا لگا کر ملک وطن سے محبت کا اظہار کرے: چوہدری عرفان یوسف
ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے جنگلات کو 30 فیصد تک بڑھانا ہوگا
سیکرٹری جنرل پی اے ٹی نے پودا لگا کر آزادی کی تقریبات کا آغاز کیا
لاہور (12 اگست 2022) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگا کر 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی 75واں جشن آزادی سرسبز پاکستان کے عزم کے ساتھ منائے اور ایک پودا لگا کر وطن سے محبت کا اظہار کرے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام شجر کاری مہم کے آغاز پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف و دیگر رہنماؤں نے پودے لگا کر ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آزادی کا جشن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ملک و قوم اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے کام کریں۔ شجرکاری نہ صرف صدقہ جاریہ ہے بلکہ آلودگی میں کمی لانے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ سر سبز و شاداب پاکستان ہمارا مستقبل ہے۔ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے ہم سب کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے لاہور سمیت پورے ملک میں شجر کاری مہم شروع کر دی ہے، طلبہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ہر پاکستانی پودا لگا کر ملک کو سر سبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ درخت لگانے کے فوائد کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی درخت اور جنگلات کاٹنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ اس موقع پر شیخ فرحان عزیز، حیدر مصطفی، حماد مصطفی، محسن اقبال، عزیز عالم، اسامہ مشتاق و دیگر طلبہ رہنما بھی موجود تھے۔
تبصرہ