نظریہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے: خرم نواز گنڈاپور
رہنماؤں، کارکنوں کو یوم آزادی پر ملک بھر میں ریلیاں، سیمینارز
منعقد کرنے پر مبارکباد
یہ نظام صرف اشرافیہ کے مفادات کا محافظ ہے، بدلا جائے: رہنما عوامی تحریک
لاہور (15 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے عوامی تحریک کے صوبائی و ضلعی راہنماؤں و کارکنان کو یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر میں فقید المثال ریلیاں نکالنے اور سیمینارز منعقد کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور منفی پراپیگنڈا ناقابل برداشت ہے۔ باشعور نوجوانوں کے ہوتے ہوئے کوئی پاکستان کے مفاد سے نہیں کھیل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا پر اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والے منفی پراپیگنڈہ کا منہ توڑ جواب دیں۔ پاکستان لاکھوں شہداء کی امانت ہے یہ تاقیامت قائم و دائم رہے گا اور اسے نقصان پہنچانے والے عبرت کا نشان بنیں گے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کامیاب ریلیوں کے انعقاد پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، منڈی بہاؤ الدین، راولپنڈی، ملتان، جھنگ، چنیوٹ، مری، مانسہرہ، پاکپتن، گوجرانوالہ، مریدکے، گجرات، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، ساہیوال، ایبٹ آباد، جڑانوالہ، وہاڑی، بھکر، قصور، سیالکوٹ، حافظ آباد، چوآسیدن شاہ، ہزارہ کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر میاں ریحان مقبول، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، جنوبی پنجاب کے صدر نور احمد سہو نے کہا کہ عوام اس فرسودہ اور ظالم نظام سے اکتائے ہوئے ہیں۔ جتنی جلد ممکن ہو سکے اس نظام سے نجات حاصل کی جائے۔ یہ نظام اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
تبصرہ