متاثرین سیلاب کے لئے 25 ہزار امداد مذاق ہے: خرم نواز گنڈاپور
ہر متاثرہ خاندان کو 2 لاکھ روپے دئیے جائیں: سیکرٹری جنرل
عوامی تحریک
25 ہزارر وپے سے ایک کمرے کی دو دیواریں بھی تعمیر نہیں ہو سکتیں
لاہور (22 اگست 2022ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے گھروں کی تعمیر کے لئے 25 ہزار کی امداد کو مذاق قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیلاب میں تباہ ہوجانے والے گھروں کے مالکان کو 2 لاکھ روپے امداد دی جائے۔ 25 ہزار روپے سے ایک کمرے کی دو دیواریں تعمیر نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں ہزاروں خاندان مکمل طور پر بے گھر اور بے یارومدد گار ہو چکے ہیں۔ 25 ہزار کا اعلان کرکے وزیراعظم متاثرین سے مذاق نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت 25 ہزار روپے تو ایک غریب گھر کو بجلی کا بل بھیج رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کاشتکاروں کے روزگار کا ذریعہ ان کی گائیں اور بھینسیں بھی سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔ ایک بھینس کی قیمت کم از کم 1 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے۔ جن کا سب کچھ لٹ گیا ہے ریاست ان کے سر پر ہاتھ رکھے۔ اگر حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے بھی ایک غیر ملکی قرضہ لے لے گی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت متاثرہ آبادیاں تالاب بنی ہوئی ہیں۔ سب سے پہلے حکومت نکاسی آب کا بندوبست کرے۔ خرم نواز گنڈاپور نے سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کی بخشش اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے۔
تبصرہ