پاکستان عوامی تحریک 8 فروری کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی: عوامی تحریک
عوامی مسائل کے حل کیلئے باکردار نمائندوں کا انتخاب ضروری ہے: عارف چودھری، سردار عمر دراز
لاہور(17 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک ضلع لاہور کے عہدیداران کی مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری اور ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر درازسے ملاقات ہوئی۔ عارف چوہدری نے عوامی تحریک لاہور کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ اگر پاکستان کے غریب عوام آئین کے مطابق اپنے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں تو وہ ایماندار، باکردار اور تعلیم یافتہ نمائندوں کو منتخب کریں۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی سیاسی جدوجہد سے پاکستان کے غریب عوام کو ان کے حقوق ضرور ملیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے۔ عوام کے حقوق اور حقیقی جمہوریت کا قیام ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تین دہائیوں سے کرپٹ نظام کی تبدیلی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،وقت آ گیا ہے کہ اس فرسودہ نظام سے جان چھڑائی جائے۔ سردار عمر دراز نے کہا کہ انتخابی تیاریوں کے حوالے سے بہت جلد لاہور میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا۔
ملاقات میں صدر لاھور ڈویژن محمدآصف سلہریا ایڈووکیٹ، محمدثاقب بھٹی، میاں اقبال ساجد، سردارعارف علی، عاقب امین، ندیم ظفر، چوہدری زین العابدین، اورچوہدری محمد حنیف صدر عوامی تحریک قصور موجود تھے۔
تبصرہ