پاکستان کا طاقتور امیر طبقہ ٹیکس چور ہے: عوامی تحریک
تنخواہ دار سالانہ 264 ارب ٹیکس دیتے سگریٹ مافیا 300 ارب ٹیکس چوری کرتا ہے
10کروڑ پاکستانی انتہائی غریب، عالمی بنک کی رپورٹ ہوشربا ہے:خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کی منشور کمیٹی نے منشور پر کام مکمل کر لیا، آئندہ ہفتہ اعلان ہو گا
لاہور (29 دسمبر 2023) پاکستان عوامی تحریک کی منشور کمیٹی نے منشور پر کام مکمل کر لیا، آئندہ ہفتہ اعلان ہوگا، قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔
گزشتہ روز پارٹی کے خصوصی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کا طاقت ور امیر طبقہ ٹیکس چور ہے۔ تنخواہ دار سالانہ 264 ارب روپے ٹیکس دیتے ہیں جب کہ صرف سگریٹ کی غیر قانونی تجارت سے ہر سال 300 ارب روپے کا ٹیکس چوری ہوتا ہے، جاگیردار، بڑے سرمایہ دار اور رئیل سٹیٹ سیکٹر آٹے میں نمک کے برابر ٹیکس دیتا ہے اور بھاری حکومتی اخراجات اور قرضوں و سود کی ادائیگی کا سارا بوجھ غریب اور تنخواہ دار طبقہ کے کندھوں پر ہے۔ سرکاری اداروں کی کرپشن، ملی بھگت سے 2 ہزار ارب روپے سے زائد سالانہ ٹیکس چوری ہوتا ہے۔ سیاسی عدم استحکام، غیر فعال انتظامیہ اور کرپشن کے باعث پاکستان کا معاشی ڈھانچہ زمین بوس ہو چکا ہے۔ عالمی بنک کی رپورٹ چشم کشا ہے۔
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ لگ بھگ 10کروڑ پاکستانی غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ 40 فیصد پاکستانی انتہائی غریب ہیں مگر پاکستان کے ذمہ داروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ تجربہ کار سیاسی جماعتوں نے اب تک معیشت کی بحالی کے حوالے سے کوئی پروگرام نہیں دیا۔ حکومتی اخراجات کم ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔ غربت کی شرح خطہ میں سب سے زیادہ ہے، روزانہ کی بنیاد پر غربت بڑھ رہی ہے مگر اس کی کسی کو فکر نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلیوں میں آ کر ٹیکس کے نظام کو شفاف، آسان بناتے ہوئے قومی آمدن میں اضافہ کریں گے۔ ٹیکس ڈھانچے میں جامع اصلاحات لانا ترجیح ہو گی۔
تبصرہ