پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو دیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
عوام کا حق کسی اور کو دینا بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وہ کمی عوام کو منتقل کی جائے جس کے وہ حق دار ہیں
لاہور (17 اپریل 2025) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود فائدہ عوام کو پہنچانے کی بجائے کسی اور مد میں خرچ کرنے پر انتہائی حیرت اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود عوام کو اس ریلیف سے محروم رکھا جار ہا ہے۔ معاشی تنگدستی اور مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام کے لئے امید کی جو ایک کرن پیدا ہوئی تھی اسے بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہےکہ یہ فیصلہ نہ صرف معاشی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ عوامی احساسات کو مجروح کرنے کے مترادف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 سالوں سے اس ملک میں سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں، بڑے بڑے موٹرویز بن رہے ہیں لیکن ایسا کبھی نہیں سنا کہ اس کےبدلے میں عوام سے ان کا بنیادی حق یعنی ریلیف بھی چھین لیا گیا ہو۔ ایسی پالیسیوں سے حکومت اور عوام کے درمیان فاصلہ بڑھتا ہے۔ جب عوامی بھلائی کے اقدامات کو نظر انداز کیا جائے گا تو اس کا نتیجہ مایوسی اور محرومی کی صورت میں نکلے گا۔
انہوں نے کہاکہ اگر معیشت بہتر ہو رہی ہے تو اس کا فائدہ کہاں ہے ؟انہوں نے کہاکہ حکومت فیصلے پر نظر ثانی کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں وہ کمی عوام کو منتقل کرے جس کے وہ حق دار ہیں۔
تبصرہ