ڈاکٹر عبدالقدیر نے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، وہ 25 کروڑ عوام کے ہیرو ہیں: پاکستان عوامی تحریک
لاہور (31 مئی 2025) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر راہنماؤں میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، قمر عباس دھول نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کو ہیرو نہ ماننے کی بات کرکے کروڑوں پاکستانیوں کی دل آزاری کی ہے، ایسے بیانات دے کر نجانے کیوں عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا جاتا ہے۔
راہنماؤں نے کہا کہ ہم رانا ثناء اللہ کے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور وہ یہ بیان واپس لیں، ڈاکٹر عبدالقدیر ایک سچے اور پکے پاکستانی ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر نے رانا ثناء اللہ کے قائد کے بارے میں جو حقائق بیان کیے وہ حقائق ہی ہیں، انھیں کوئی نہیں جھٹلا سکتا۔ حیرت ہے پاکستان کو لوٹنے والے ہیرو ہیں اور پاکستان کی خدمت کرنے والے ہیرو نہیں ہیں، یہ ذہنی انتشار اور تعصب ہے۔ کم از کم قومی سلامتی کے معاملے میں اس طرح کا منفی سیاسی رویہ نہیں ہونا چاہیے۔ ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے جس جس شخصیت اور جس جس ادارے نے اپنا کردار ادا کیا ہے ہم ان کے اس کردار کو بھی سراہتے ہیں۔
تبصرہ