راولپنڈی موٹروے بس حادثے پر عوامی تحریک کا اظہار افسوس
حادثہ تیز رفتاری کا نتیجہ ہے ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئیے: میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، عارف چوہدری
حکومت حفاظتی اقدامات سخت کرے زخمیوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے: پاکستان عوامی تحریک
لاہور (14 جولائی 2025) پاکستان عوامی تحریک کے راہنماؤں میاں ریحان مقبول ،قاضی شفیق اور عارف چوہدری نے راولپنڈی موٹروے چکری انٹرچینج کے قریب ہونے والے المناک بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جس میں 5 افراد جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت 28 افراد زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ تیز رفتاری اور ناکافی حفاظتی اقدامات کا نتیجہ ہے بے گناہ مسافروں کی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ انکوائری اور ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہئیے حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ موٹروے پر سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ گاڑیوں کی مینٹی نینس، ڈرائیور حضرات کے میڈیکل چیک اپ اور ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی مہم کو یقینی بنایا جائے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہونا چاہئیے۔
راہنماؤں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔
تبصرہ