بجلی کے بلوں نے غریب کے چولہے ٹھنڈے کر دئیے: قاضی زاہد حسین
چاروں صوبوں کے اراکین اسمبلی ظالمانہ ٹیرف کے خلاف قراردادیں منظور کروائیں
201یونٹ پر ٹیرف میں 200فیصد اضافہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی
ہائیڈل کی جگہ فرنس، ڈیزل، گیس منصوبے شروع کروا کر معاشی مستقبل کو تاریک کیا گیا
لاہور (18 جولائی 2025ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ 201یونٹ پر بجلی کے بلوں میں 200فیصد اضافہ ظلم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے کیونکہ بجلی کے غیر منصفانہ اور ظالمانہ بلوں نے غریب کے چولہے ٹھنڈے کر دئیے، حکمران عوام کی بجائے آئی پی پیز کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کررہے ہیں۔ لہٰذا چیف جسٹس سپریم کورٹ اس معاملہ پر سوموٹو ایکشن لیں اور کروڑوں پاکستانیوں کا معاشی استحصال بند کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کے اراکین صوبائی اسمبلی جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر بجلی کے ظالمانہ ٹیرف پر متفقہ قراردادیں پاس کروائیں، اراکین اسمبلی جس طرح اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ کے لئے یک زبان اور یک جان ہوئے اسی طرح کروڑوں کم آمدنی والے پاکستانیوں کے لئے بھی آواز اٹھائیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا حکومتیں بجلی بچانے کے لئے مہمات چلاتی تھیں اور آج کل بجلی کا استعمال کم ہونے پر تشویش میں مبتلا ہے جس کی وجہ آئی پی پیز کے ساتھ ظالمانہ معاہدات اور ادائیگیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈل منصوبوں پر فرنس، ڈیزل، گیس منصوبے لگا کر پاکستان کے معاشی مستقبل کو ناقابل نقصان پہنچایا گیا۔
تبصرہ