اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئرنائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں اور فرینڈلی اپوزیشن کامک مکا ہوچکا، پارلیمنٹ میں وزیراعظم کے خطاب کے دوران واک آؤٹ دکھاوا اور فریب دراصل عوام کو ناک آؤٹ کرنا تھا، ملک میں اس وقت ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک حقیقی اپوزیشن کاکرداراداکر رہے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، کرپشن، لوٹ مار، بھوک، قتل و غارت گری، بدترین لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کے خلاف عوامی تحریک عنقریب سڑکوں پر ہوگی، انہوں نے کہا کہ ملک حالت جنگ میں ہیں اور حکمران حالت بھنگ میں ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مصطفیٰ حسین خان، میر اشتیاق ایڈووکیٹ، غلام علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام موجودہ نظام اور موجودہ تمام سیاسی لیڈروں سے بے زار ہوچکے ہیں، چیف جسٹس اور اہم ملکی ادارے موجودہ نظام کو گلا، سڑا نظام کہہ کے مسترد کر چکے ہیں، ’’ضرب عضب‘‘ میں پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے اور دوسری جانب، پاکستان عوامی تحریک ’’ضرب امن‘‘ کے ذریعے ملک میں امن کے قیام کے لئے کوشاں ہے، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا اور بڑے بڑے ملزمان پر ہولا ہاتھ رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم تیار ہوجائے اب یہ ظلم مزید نہیں چلنے دیاجائے گا۔
ڈاکٹر ایس ایم ضمیر اور عمرریاض عباسی نے کہا کہ ملکی حالات بہت خراب ہوچکے، کر پشن، بدامنی اور بدانتظامی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے، بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، اب ملک لٹیروں اورچوروں کامذید متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر قومی حکومت بنائی جائے، قومی حکومت انتخابی اصلاحات کرے، ملک سے گند کا صفایا کیا جائے۔ کرپٹ اور کرپشن میں ملوث سیاست دانوں کو ہمیشہ کے لئے کک آؤٹ کیا جائے۔ انتخابی، معاشی، اقتصادی اور سیاسی اصلاحات کے بعد متناسب نمائندگی کی بنیاد پر اگلے انتخابات کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ بار کے وکلاء نے جو قرارداد پاس کی اس سے استفادہ کیا جائے، 12 رکنی مبینہ پارلیمانی کمیٹی ٹی او آرز کی تیاری میں وکلاء کے ٹی او آرز اور تجاویز کو شامل کرے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک نے کرپشن کے خلاف ہمیشہ زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی، پاکستان عوامی تحریک وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے کرپٹ حکمرانوں اور کرپٹ نظام کے خلاف بے مثال جدوجہد کے ساتھ ساتھ جانی مالی قربانیاں دیں۔


تبصرہ