راولپنڈی: پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی شیخ رشید سے ملاقات

پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے مورخہ 24 مئی 2016ء کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سے ان کے پبلک سیکرٹریٹ آفس میں ملاقات کی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایم ایس ضمیر کی قیادت میں وفد میں مصطفیٰ خان، غلام علی خان اور انصار ملک شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ تین سے چار مہینے ملک کے لئے نہایت اہم ہیں۔ ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ ملکی استحکام، خود مختاری داؤ پر لگی ہوئی ہے، حکمران قومی دولت پر عیاشیاں کررہے ہیں۔ جھرلو الیکشن کے ذریعے برسراقتدار آنے والے حکمران بڑے بڑے محلات میں، ایئر کنڈیشن محلات اور لگژری گاڑیوں میں عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں اور ان کو ووٹ دے کراقتدار پر پہنچانے والے عوام مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور لوڈشیڈنگ کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ایک بڑے قومی لیڈر ہیں، میرا ان کے ساتھ مکمل رابطہ ہے۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جس کے کارکنان نے ظالم نظام کو چیلنج کرتے ہوئے 17جون 2014ء کے دن 14 شہادتیں قبول کیں، 85 سے زائد زخمی ہوئے، ہزاروں کی تعداد میں قیدوبند کی سختیاں جھیل رہے ہیں اور دہشتگردی کے جھوٹے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ اپنے قائد کے حکم پر کرپٹ نظام اور کرپشن کے خلاف17 جون کو ایک بار پھرجمع ہو کر تاریخ رقم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں مصطفوی انقلاب لانے کا مشن پورا کرینگے اور 19 کروڑ عوام کے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے 70 فیصد عوام سطح غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ملکی استحکام، خودمختاری، داؤ پر لگ چکے ہیں، غربت، لوڈ شیڈنگ، سے تنگ آئے ہوئے عوام خود کشیاں کررہے ہیں، مگر عیاش حکمرانوں کے سر میں درد بھی ہوجائے تو وہ لندن علاج کے لئے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک بہت جلد سڑکوں پر ہوگی، محب وطن، انقلابی اور حقیقی جمہوری قوتیں کرپٹ نظام کو مسترد کر چکی ہیں۔


تبصرہ