کراچی: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام ’سیاست برائے ریاست‘ سیمینار

پاکستان عوامی تحریک کراچی کے زیراہتمام 28 مئی 2016 کو خالقدینا ہال میں ’سیاست برائے ریاست‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی، جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد مہمان خصوصی تھے۔ سیمینار میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے صدر سید علی اوسط، قیصر اقبال قادری، سید ظفر اقبال، مسعود عثمانی، صدر ویمن لیگ مسز رانی ارشد، الیاس مغل، علامہ رانا نفیس، زاہد لطیف، لیاقت کاظمی، فیصل بلوچ، سلیم احمد اعوان، بشیر خان مروت اور فراز عالم سمیت مختلف سیاسی، سماجی، شوبز، کھیل، تعلیم، قانون، اور صحافت کے شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک تھیں۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ کراچی میں امن ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔ پرامن کراچی پرامن پاکستان کی نشانی ہے۔ کراچی میں امن و امان کی بحالی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم کامیابی ہے۔ ڈاکٹر حسن قادری نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء دو سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، 17 جون قاتلوں کا یوم حساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ قوم ظالم نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کرے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد کا مقصد قائد اعظم اور اقبال کے گم گشتہ پاکستان کی بازیابی کے لیے ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست وہ ہوتی ہے جہاں لوگوں کو تحفظ اور روزگار میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تنہا کرنا نوازشریف کی ناکامی ہے، یہ کاروباری لوگ ہیں، ان کا دل نہیں بھرتا، یہ 37 برس سے لوٹ مار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ عوام آلو بینگن نہیں کہ ان کا بجٹ سکائپ پر پیش کیا جائے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن پر مشتمل کاروبار دنیا کے 23 سے زائد ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ اپنا سرمایہ ملک سے باہر رکھنے والے وزیراعظم کس منہ سے لوگوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں؟ حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے 6 کروڑ پاکستانی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں، پاکستان میں مسلسل غربت کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مک مکا کی سیاست اور لوٹ مار سے پاکستان کا ہر ادارہ کرپٹ ہو چکا ہے اور خسارے کا شکار ہے۔
عامر فرید کوریجہ نے کہا 17 جون کا دھرنا موجودہ حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کرے گا۔ قوم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دے۔












تبصرہ