پاکستان عوامی تحریک کے 36 سال مکمل، 25 مئی کو یومِ تاسیس منایا جائے گا
ملک بھر میں ’’قوت، اخوت، عوام‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریبات کا انعقاد ہوگا
36 سالہ سیاسی جدوجہد اصلاحی، تعمیری اور عوام دوست ایجنڈے پر مبنی ہے: سردار عمر دراز
پاکستان عوامی تحریک کے قیام کو 36 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں 25 مئی (اتوار) کو یومِ تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوگی، جبکہ ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل کی سطح پر بھی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جن کا عنوان ’’قوت، اخوت، عوام‘‘ رکھا گیا ہے۔
یومِ تاسیس کی تقریبات میں کیک کاٹے جائیں گے، فکری نشستیں، سیمینارز، دعائیہ محافل اور مختلف تقریبات منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی و صوبائی قائدین، ضلعی رہنما، کارکنان اور وابستگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ پارٹی دفاتر پر قومی پرچم اور پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے، اور وطنِ عزیز کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔
مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی 36 سالہ سیاسی جدوجہد ایک اصلاحی، تعمیری اور عوام دوست ایجنڈے پر مبنی ہے، جس کا بنیادی مقصد فرسودہ، خاندانی اور کرپٹ نظام کا خاتمہ اور ایک حقیقی عوامی جمہوریت کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ اور ادارہ جاتی اصلاحات کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ تحریک کی قیادت اور کارکنان نے تعلیم، صحت، عدل، قانون کی بالادستی، شفاف انتخابی نظام اور عوامی فلاح کے اہداف کے لیے ہر سطح پر پرامن جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یومِ تاسیس کے موقع پر ان تمام مراحل اور شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے پاکستان عوامی تحریک کو ایک نظریاتی، اصلاحی اور فعال عوامی تحریک کے طور پر منوایا۔
تبصرہ