پاکستان عوامی تحریک کے 36سال مکمل، آج یوم تاسیس منایا جائے گا
ملک بھر میں ’’قوت، اخوت، عوام‘‘ کے عنوان سے پروقار تقریبات کا انعقاد ہوگا
پاکستان عوامی تحریک نے آئینی و قانونی بالادستی کو ہمیشہ اولین ترجیح دی :خرم نواز گنڈاپور
ہماری جدوجہد ایسے نظام کےلئے جہاں ہر پاکستانی کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
پاکستان عوامی تحریک کے قیام کو 36 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں آج 25 مئی (اتوار) کو یومِ تاسیس جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب کا انعقاد ماڈل ٹائون لاہور مرکزی سیکرٹریٹ پر ہو گا۔ جبکہ ملک بھر میںضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل کی سطح پر بھی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن کا عنوان ’’قوت، اخوت، عوام‘‘ رکھا گیا ہے۔ ان تقریبات میں کیک کاٹے جائیں گے، فکری نشستیں، سیمینارز، دعائیہ محافل اور دیگر تقریبات منعقد ہوں گی۔ یومِ تاسیس کی تقریبات میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی و صوبائی قائدین، ضلعی رہنما، کارکنان اور وابستگان بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ دفاتر پر قومی پرچم اور پارٹی پرچم لہرائے جائیں گے اور وطنِ عزیز کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ عوامی خدمت اور آئین و قانون کی بالادستی کو اولین ترجیح دی ہے اور یہ جدوجہد مستقبل میں بھی اسی جذبے سے جاری رہے گی۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی بقا اسی صورت ممکن ہے جب آئین کو مقدس دستاویز سمجھا جائے اور قانون سب کےلئے برابر ہو۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد اقتدار کے لئے نہیں بلکہ ایک ایسا نظام لانے کےلئے ہے جہاں ہر پاکستانی کو مساوی حقوق حاصل ہوں۔ انہوں نے کہاکہ "قوت، اخوت، عوام" کا نعرہ تحریک کی اصل روح ہے، جو اتحاد، انصاف اور بیداری شعور کی علامت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عوامی تحریک عوامی شعور کی بیداری، نظام کی اصلاح اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے آئندہ بھی اپنی پرامن، غیر مفاداتی اور خالصتاً اصولی سیاست کو جاری رکھے گی۔
تبصرہ