گندم کوڑیوں کے بھائو ہو گئی روٹی پھر بھی مہنگی: قاضی زاہد حسین
یہ کیسا معاشی استحکام ہے حکومت مہنگائی بڑھنے کی خبریں دے رہی ہے؟ مرکزی صدر پی اے ٹی
لاہور (31 مئی 2025) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ یہ کیسا معاشی استحکام ہے کہ بجٹ کے اعلان سے قبل ہی حکومت مہنگائی مزید بڑھنے کے اشارے دے رہی ہے؟ کبھی بجٹ قیمتوں میں کمی اور زندگی کو آسان بنانے کی امید ہوا کرتی تھی، آج بجٹ کے ذکر سے بے چینی پھیلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کوڑیوں کے بھائو بک رہی ہے، کسان کا دیوالیہ نکل گیا۔ گندم سستی ہونے کے باوجود روٹی سستی کیوں نہیں ہوئی؟ اس کا جواب کون دے گا؟ منصوبہ بندی کی وزارت عوام کو ڈرانے کی بجائے کوئی اچھی خبر سنائے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہ کرنا بہت بڑا ظلم اور بددیانتی ہے۔ اراکین اسمبلی اس پر آواز بلند کیوں نہیں کرتے، قراردادیں کیوں نہیں لاتے؟ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ درجہ چہارم کے ملازمین کی جیبیں بجلی، گیس کے بل ادا کرنے کے بعد خالی ہو جاتی ہیں۔ دنیا کے کسی اور ملک میں اتنی معاشی نا انصافی نہیں جتنی ہمارے ہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات اچھے نہیں ہیں اس لئے تمام گزیٹڈ آفیسرز کو مفت رہائشیں، مفت بجلی، پٹرول کی فراہمی بند کی جائے تاکہ انہیں رزق حلال کے ساتھ گزارا کرنے کی عادت پڑے۔
تبصرہ