سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 11 سال سے انصاف کے منتظرہیں: نعیم الدین چودھری
لاہور (12 جون 2025ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے قانونی ترجمان، سینئر قانون دان نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم 11 سال سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ 17 جون کو شہداء کی 11ویں برسی منائی جائے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی غیر جانبدار تفتیش کا واحد قانونی مطالبہ تاحال پورا نہیں ہوا۔ مظلوم آج بھی انصاف کے لئے دربدر ہیں۔ شہداء ماڈل ٹاؤن کے ورثاء آج بھی انصاف کے لئے انسداد دہشت گردی عدالت، لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے انصاف مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری معزز عدلیہ سے استدعا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دیا جائے، انصاف کے حصول کے لئے عدلیہ کے فلور پر قانونی چارہ جوئی جاری رہے گی۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ 17 جون 2025ء کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کو 11 سال مکمل ہو جائینگے۔ ایسا نظام انصاف چاہتے ہیں جس میں مظلوم کو انصاف کے لئے دربدر دھکے نہ کھانے پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال قبل سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنائی تھی مگر اس پر مسلسل سٹے آرڈر چل رہا ہے۔ غیر جانبدار تفتیش سے ہی انصاف کا عمل شروع ہو گا۔
تبصرہ