بجٹ کے بعد کم آمدنی والوں کو مہنگائی کی نئی لہر نے گھیر لیا: قاضی زاہد حسین
پٹرول پر کاربن لیوی اور بجلی کے بلوں پر سرچارج لگانے سے چولہے ٹھنڈے ہوں گے
غریب کو کہیں سے ٹھنڈی ہوا نہیں آ رہی: مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک
300یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین سے جی ایس ٹی وصول کرنا ظلم ہے
لاہور (20جون 2025) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ بجٹ کے بعد کم آمدنی والے لاکھوں خاندانوں کو مہنگائی کی نئی لہر نے گھیر لیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر کارکن لیوی اور بجلی کے بلوں پر سرچارج عائد کرنے سے آمدنی پر بہت بڑا کٹ لگے گا،لوگ پہلے ہی ادھار لے کر اور اشیا بیچ کر زندگی کے دن پورے کر رہے ہیں۔ حکومت غریب کے حال پر رحم کرے۔ بجٹ کو ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ قرار دینے والے بتائیں کیا عام آدمی اپنی محدود آمدن موجودہ شرح سے بجلی گیس کے بل ادا کر سکتا ہے؟
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ قرضے حکمران لیتے ہیں جبکہ بھاری سود پاکستان کا غریب شہری ادا کرتا ہے ۔ہر گزرتے دن کے ساتھ عام شہری کی آمدن کم اور زندگی اجیرن ہوتی چلی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بجٹ میں حکومتی اخراجات کم ہونے کی بجائے بڑھتے ہیں، اربوں روپے نئی گاڑیوں کی خرید پر اور بیوروکریسی کی شان و شوکت پر خرچ کئے جاتے ہیں۔ ایلیٹ کلاس قربانی دینا دور کی بات اپنی کوئی آسائش کم کرنے کےلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس کے بلوں سے تمام ٹیکسز ختم کئے جائیں، 300یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین سے جی ایس ٹی وصول کرنا بند کیا جائے۔
تبصرہ