عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنماؤں کا حفیظ سنٹر آتشزدگی پر افسوس کااظہار
متاثرہ دکانداروں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے: عوامی تاجر اتحاد
آگ لگنے کے اسباب کی مکمل تحقیقات کی جائیں: حاجی محمد اسحاق
لاہور (10 جولائی 2025) عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنمائوں حاجی محمد اسحاق، راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، شہزاد خان و دیگر نے لاہور کے مشہور تجارتی مرکز حفیظ سنٹر میں آتشزدگی کے المناک واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ نے بہت سے خاندانوں کو متاثر کیا ہے۔ متاثرہ تاجروں کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے۔ عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں نے آتشزدگی سے متاثر ہونے والے تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئےحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آگ لگنے کے اسباب کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنماحاجی محمد اسحاق نے کہا کہ حفیظ سنٹر ایک طویل عرصے سے لاہور کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ ایسے مراکز میں بار بار آگ لگنے کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر ریسکیو، سول ڈیفنس اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹیز سے جواب طلبی کی جائے اور جامع تحقیقات کر کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے۔
عوامی تاجر اتحاد کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ان کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کیا جائے اور آئندہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے فائر سیفٹی سسٹم کی تنصیب کو لازمی قرار دیا جائے۔ عوامی تاجر اتحاد متاثرین کے ساتھ ہے اور ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
تبصرہ