پاکستان عوامی تحریک کا کراچی گل پلازہ آتشزدگی پر اظہارِ افسوس
عمارت کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کا روزگار بھی جل گیا: مرکزی صدر قاضی زاہد حسین

لاہور (19 جنوری 2026) مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین نے کراچی میں گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک قومی سانحہ قرار دیا ہے۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع، متعدد افراد کے زخمی اور درجنوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات نہایت تشویشناک ہیں، انہوں نے کہاکہ آتشزدگی کے اس ہولناک واقعہ سے سینکڑوں خاندانوں کا براہ راست اور ہزاروں افراد کا بالواسطہ روزگار ختم ہو گیا ہے اور یہ خاندان ایک طویل عرصہ مالی تکلیف کا سامنا کریں گے۔ عمارت کے ساتھ ساتھ ہزاروں افراد کا روزگار بھی جل گیا۔ قاضی زاہد حسین نے کہا کہ 1200 سے زائد دکانوں پر مشتمل اس بڑے تجارتی مرکز میں مناسب فائر سیفٹی انتظامات اور وینٹیلیشن کی عدم دستیابی غفلت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داران کا تعین کر کے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ قاضی زاہد حسین نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فوری مالی امداد، زخمیوں کو طبی سہولیات اور متاثرہ تاجروں کے لیے ہنگامی ریلیف پیکج فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے زور دیا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں تجارتی مراکز کے تحفظ کے لیے مؤثر فائر سیفٹی قوانین کا فوری اور سخت نفاذ ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ تمام تجارتی عمارتوں کا فوری حفاظتی آڈٹ کرایا جائے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔


تبصرہ