اساتذہ کی آسامیاں ختم کرنا کون سی بچت مہم ہے؟:عوامی تحریک

بچت کیلئے افسروں کے عالیشان گھر، مفت گاڑیاں، مفت بجلی، پٹرول
کا خاتمہ کیوں نہیں ہوتا؟
حکومت بتائے وہ کون سا ملک ہے جس نے اپنے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھ کر ترقی کی؟
لاہور (22 اپریل 2026) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر نائب صدر میاں ریحان مقبول، نائب صدر میاں زاہد اسلام اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں کاشف نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کی 30ہزار سے زائد خالی آسامیاں ختم کر دی ہیں، حکومت کی اس ”شاندار بچت“ پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ اساتذہ کی آسامیاں ختم کرکے سکولوں کو ویران کرنا اور قوم کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھنا کون سی حکمت عملی ہے؟ پنجاب حکومت بتائے وہ کون سا ملک ہے جس نے اساتذہ کے بغیر سکول چلائے اور تعلیم کے بغیر ترقی کی؟ انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاع کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب اور ٹریژری آفیسرز کو بھی مراسلہ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچت کے لئے ہزاروں افسران کے عالیشان گھر، مفت گاڑیاں، مفت بجلی، مفت پٹرول، مفت فون کی سہولت کا خاتمہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ آبادی بڑھ رہی ہے، سکولوں کی تعداد اور اساتذہ کی دستیابی پہلے ہی ایک سوالیہ نشان ہے، بچوں کی تعلیم کی عمر تک پہنچنے کی شرح ہر سال بڑھتی ہے، ہر سال سینکڑوں نئے سکول اور ہزاروں اساتذہ کی ضرورت ہوتی ہے مگر حکومت دستیاب تدریسی افرادی قوت کو بھی محدود کررہی ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے ایوانوں کی پہلی ترجیح تعلیم کبھی بھی نہیں رہی جس کا نتیجہ جہالت، پسماندگی، بیروزگاری، کرائم ریٹ اور غیر اخلاقی رویوں میں اضافہ کی صورت میں ہم دیکھ رہے ہیں۔


تبصرہ