تاریخ میں پہلی بار بجٹ پیش کرنے کی تاریخ بلاعذر موخر ہے: خرم نواز گنڈاپور
اتحادیوں میں اختلاف ہے یا آئی ایم ایف بجٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں دے رہا؟
معاشی غلامی کے باعث پاکستان کے ہر شہری پر عرصہ حیات تنگ ہو گیا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی

لاہور (4 جون 2026) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بجٹ پیش کرنے کی تاریخ بلاعذر موخر ہے، حکومت کے اتحادیوں میں اختلاف ہے یا آئی ایم ایف بجٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں دے رہا؟ آئی ایم ایف پر انحصار کی وجہ سے معاشی غلامی بد سے بدتر ہو چکی اور پاکستان کا ہر شہری اور ہر طبقہ پر عرصہ حیات تنگ ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں کا تجربہ رکھنے والے نہایت تجربہ کار حکمران اگر فرضی اعداد و شمار کے ذریعے معاشی حقائق چھپانے اور معیشت کی بہتری کا تاثر دینے پر توانائیاں ضائع کرنے کی بجائے سنجیدگی کے ساتھ معاشی اصلاحات بروئے کار لاتے تو قوم کو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، حکومت نے معاشی خود انحصاری حاصل کرنے کی بجائے اپنے اقتدار کا ہر دن بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے قرضے لے کر گزارا، کشکول کا سائز بڑا کیا گیا اور غیر ملکی قرضوں کی بیساکھیاں جو کبھی کمزور لکڑی کی ہوا کرتی تھیں آج کل آہنی راڈ کی شکل اختیار کر چکی ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس کی قیمتوں میں واضح کمی چاہتے ہیں اور اگر نئے ٹیکس لگائے گئے تو انارکی سر اٹھائے گی کیونکہ اب غریب شہریوں کے بدن میں اتنا بھی خون نہیں ہے کہ وہ جسم اور جان کا رشتہ قائم رکھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کا ایک ہی حل ہے کہ حکمران اپنے اخراجات میں 50فیصد سے زائد کمی کریں اور وسائل کا رخ زرعی شعبہ کی طرف موڑا جائے اور دس سال کے لئے ملک میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔


تبصرہ