پاکستان کے جملہ مسائل کا حل شفاف نظام انتخاب میں ہے: میاں ریحان مقبول
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی 74ویں سالگرہ کے موقع پر حافظ آباد میں سیمینار سے خطاب
لاہور (26 فروری 2025ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 74 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ سیمینار خطاب کرتے ہوئے میاں ریحان مقبول نے کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر محمد ڈاکٹر طاہرالقادری نے اس قوم کے بچوں کو تعلیم اور تربیت دی ہے اور قوم کی بیٹیوں کے لئے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے قائم کئے ہیں۔ شرح خواندگی میں اضافہ کے جب بھی اعداد و شمار جمع کئے جائیں گے تو اس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا عملی کردار نمایاں نظر آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنی خداداد بصیرت سے ایک دہائی قبل پاکستان کو لاحق مرض کی نشاندہی کر دی تھی کہ نظام انتخاب کو شفاف بنائے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ موجودہ نظام انتخاب تعلیم یافتہ نمائندوں کے اسمبلیوں میں داخلے میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں میں سب کچھ ہوتا ہے مگر عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی بات نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ بجلی کے صارفین سے اووربلنگ کی مد میں 21 ارب روپے وصول کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی اور 300بڑے بجلی چور 877 ارب روپے کے نادہندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ اسمبلی عوام کے حقیقی نمائندوں پر مشتمل ہوتی 21 ارب تو کیا عوام کی جیب سے ناجائز طور پر کوئی 21 پیسے بھی نہ نکال سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ جس میں دن دہاڑے جعلی دودھ، جعلی پانی، جعلی دوائیاں اور جعلی خوراک فروخت ہوتی ہے اور کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ سیمینار میں ضلعی صدر عوامی تحریک ملک شفیق الرحمن، جنرل سیکرٹری سیٹھ ایوب، ڈسٹرکٹ آرگنائزر عبدالرزاق، سرپرست ملک سلطان، ڈاکٹر بابر شہزاد گورائیہ، محمد ارشد رحمانی، سکندر نواز بھٹی، ضلعی صدر منہاج ویمن لیگ باجی فاطمہ، حافظ تنویر ساجد اور بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
تبصرہ