غزہ میں جنگ نہیں نسل کشی ہو رہی ہے: پاکستان عوامی تحریک
او آئی سی ظلم بند کروانے کے لیے فوری قابل عمل اور نتیجہ خیز موقف اپنائے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ نہیں نسل کشی ہو رہی ہے، جو ایک سنگین جرم ہے، اسرائیل کی طرف سے غزہ کے مسلمانوں کے انسانی حقوق غصب کر لیے گئے ہیں، ہسپتال، سکول، تعلیمی ادارے اور انفرا سٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے، اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے اداروں کو بیان بازی سے آگے آنا بڑھنا چاہیے ظلم بند کروانا چاہیے، اسرائیل نہ تو بین الاقوامی چارٹرز کا لحاظ کر رہا ہے اور نہ مسلمہ انسانی اقدار کا احترام کر رہا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ غزہ کی صورت حال انسانی تاریخ کا دل خراش المیہ ہے، اسلامی ملکوں کی بے گناہ فلسطینی عوام کے قتل عام اور نسل کشی کو رکوانے میں ناکامی ایک اور المیہ ہے، انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسلہ کا حل ٹو سٹیٹ تھیوری ہے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے انھیں بندوق کے زور پر ان کے اپنے گھروں سے بے دخل نہیں کیا جا سکتا، اقوام متحدہ سمیت تمام ملک فلسطینیوں کے ساتھ انصاف کریں، نہتے فلسطینیوں پر بارود کی بارش کرکے اللہ کے غضب کو دعوت دی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ او آئی سی غزہ کے مسلمانوں پر ظلم بند کروانے کے لیے دو ٹوک اور نتیجہ خیز موقف اختیار کرے۔
تبصرہ