حکمران تاجروں کو مجرم سمجھنے کی سوچ بدلیں: عوامی تاجر اتحاد
ایکٹ 37AA سے تاجر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے: راشد چودھری ایڈووکیٹ
اجلاس میں حاجی محمد اسحاق، ثاقب بھٹی، شہزاد خان و دیگر تاجر رہنمائوں کی شرکت
لاہور (14 جولائی 2025) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 37AA ایکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں شریک عوامی تاجر اتحاد کے سینئر رہنمائوں نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ اس متنازعہ اور غیر منصفانہ، کاروبار دشمن ایکٹ کو فی الفور واپس لیا جائے جو کاروباری طبقے کے خلاف استعمال ہونے کے خدشات سے بھرا ہوا ہے۔
عوامی تاجر اتحاد پاکستان 19 جولائی کو اس ایکٹ کے خلاف لاہور چیمبر آف کامرس کے
پر امن احتجاج اور ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ اجلاس کی صدارت عوامی تاجر
اتحاد کے سینئر رہنما حاجی محمد اسحاق نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تاجر اتحاد کے رہنما راشد چودھری ایڈووکیٹ نے کہاکہ
یہ ایکٹ تاجر برادری کو ہراساں کرنے کا نیا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 37AA ایکٹ ایف
بی آر کو بلاوارنٹ چھاپے، ریکارڈ ضبطگی اور گرفتاری کے وسیع اختیارات دیتا ہے جو نہ
صرف تاجر برادری کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاتا ہے بلکہ کاروباری ماحول کو سخت متاثر کرتا
ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس قانون کے ذریعے تاجروں کو پہلے سے مجرم تصور کیا جا رہا ہے حالانکہ تاجرقانون کے پابند اور ایمانداری سے کاروبار کرنے والے شہری ہیں۔ انہوں نے اس قانون کو’’کاروبار دشمن‘‘ اور معاشی قاتل قرار دیتے ہوئے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
راشد چوہدری ایڈووکیٹ نےٹیکسوں اور توانائی کے ذریعے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ناقص معاشی حکمت عملیوں نے کاروباری طبقے کو بدترین بحران میں دھکیل دیا ہے جس کے نتیجے میں معیشت مفلوج ہو چکی ہے۔کاروباری طبقے کو دیوار سے لگا دیا گیا۔ چھوٹے تاجر برباد ہو رہے ہیں جبکہ بڑے کاروباری حضرات بھی عدم تحفظ کا شکا ر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے اس طوفان نے عام شہری کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کو بھی بے حال کر دیا ہے۔ تاجر برادری ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں لیکن آج انہیں سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں ثاقب بھٹی، شہزاد خان و دیگر تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔
تبصرہ