عوامی تحریک کا بارشوں سے ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار
متاثرین کی مدد اور بحالی کےلئے حکومت فوری اقدامات کرے:راجہ زاہد محمود
لاہور (16 جولائی 2025) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے ملک کے مختلف علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصانات پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی علاقوں میں نکاسی آب کے ناقص نظام اور بر وقت امدادی کارروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید اذیت کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔ انسانی جانیں بہت قیمتی ہیں ان کے تحفظ کے لیے ریاستی اداروں کا مؤثر، بروقت اور منظم ہونا ناگزیر ہے۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ قدرتی آفات کو روکا نہیں جا سکتا، مگر ان کے اثرات کو مؤثر حکمت عملی سے کم ضرور کیا جا سکتا ہے۔ حالیہ موسلادھار بارشوں سے پورا ملک متاثر ہوا ہے ۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں درجنوں افراد جاں بحق اورسینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر واقع مرید وال میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی ہلاکت ایک دل دہلا دینے والا المیہ ہے۔ اسی طرح بجلی کے کرنٹ لگنے، چھتیں گرنے، اور بارش کے پانی میں ڈوبنے جیسے سانحات نے قوم کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے مطالبہ کیا کہ امدادی سرگرمیوں کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ہنگامی بنیادوں پر مالی امداد، خوراک، پناہ گاہیں، اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اور زخمیوں کو بہترین طبی علاج مہیا کیا جائے۔
تبصرہ