عوامی تحریک کے زیراہتمام بانی پاکستان کے یوم وصال پر دعائیہ تقریب کا انعقاد
قائد اعظمؒ کی بصیرت اور جرات کردار نوجوان نسل کےلئے نمونہ ہے: خرم نواز گنڈاپور
مقررین نے بانی پاکستان کے سنہری اصول ایمان، اتحاد اور تنظیم کو اپنانے پر زور دیا

لاہور (10 ستمبر2025) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وصال کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا اس کے بعد بانی پاکستان کی ملی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے کہاکہ محمد علی جناحؒ کی انتھک جدوجہد، اصول پسندی اور جرات کردار کے بغیر پاکستان کا قیام ممکن نہ تھا۔ وہ ایک سچے، دیانتدار اور اصول پسند رہنما تھے۔
دعائیہ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نےکہا کہ آج ضرورت اس ا مر کی ہے کہ ہم قائد اعظمؒ کے سنہری اصول، ایمان، اتحاد، تنظیم کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اگر ہم قائد اعظمؒ کے ویثرن اور نظریے کو اپنا لیں تو پاکستان کو حقیقی معنوںمیں ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 11 ستمبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے عظیم قائد نے قوت ایمانی کے اسلحہ سے لیس ہو کر انتھک محنت اور جدوجہد کر کے اس خطہ ارضی کو حاصل کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم اپنے قائد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے جذبہ حب الوطنی کو زندہ کر کے قائد کے پاکستان کی حفاظت کی تکمیل کیلئے جدوجہد کریں۔
تقریب میں راجہ زاہد محمود، سردار عمر دراز، عارف چوہدری، شفاقت مغل سمیت دیگر رہنما موجو د تھے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔


تبصرہ