پاکستان عوامی تحریک کی تنظیمات تحلیل، انٹرا پارٹی الیکشن کا شیڈول جاری
مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح پر تنظیم نو کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا
پارٹی سیکرٹریٹ سے شیڈول جاری، انتخابی عمل آئندہ ماہ سے شروع ہو گا
عوامی تحریک جمہوری اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے: سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ
پاکستان عوامی تحریک نے اپنی مرکزی، صوبائی اور زونل تنظیمات تحلیل کر دی ہیں۔ پارٹی سیکرٹری سے جاری اعلامیہ کے مطابق تنظیموں کی تحلیل کا مقصد پارٹی ڈھانچہ کو مزید فعال بنانا اور اندرونی جمہوری عمل کو فروغ دینا ہے۔ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر2025 ہے جبکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ کا اجرا یکم نومبر 2025 کو کیا جائے گا۔
انٹرا پارٹی شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں مرکزی، سنٹرل پنجاب اور لاہور کےعہدیداران کیلئے انتخابات 10 نومبر 2025 (اتوار) کو مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوں گے۔ کراچی اور اسلام آباد ریجن کیلئے پولنگ 11 نومبر 2025 کو ہو گی۔ ہزارہ ریجن کیلئے پولنگ 12 نومبر2025 کو ہو گی۔ صوبہ بلوچستان اور خیبرپختواہ اور جنوبی پنجاب ریجن کیلئے پولنگ 13 نومبر 2025 کو ہو گی۔ گلگت بلتستان ریجن کیلئے پولنگ 14 نومبر 2025 کو ہو گی۔ اندرون سندھ ریجن کیلئے پولنگ 15 نومبر 2025 کو ہو گی۔ آخری مرحلے میں شمالی پنجاب ریجن کیلئے پولنگ 16نومبر 2025 کو ہو گی۔
سیکرٹری انٹرا پارٹی الیکشن کمیشن پی اے ٹی سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک جمہوری اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور انٹرا پارٹی انتخابات شفافیت، میرٹ اور تنظیمی بحالی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔



تبصرہ