بنوں میں دہشت گردانہ حملہ قابلِ مذمت ہے: خرم نواز گنڈاپور
امن قائم کرنے والی کمیونٹی کو نشانہ بنانا امن دشمنی کی بد ترین مثال ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (21 نومبر2025)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بنوں میں دہشتگردوں کی جانب سے امن کمیٹی کے سربراہ کے دفتر پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے والی کمیونٹی کو نشانہ بناناملک دشمنی اور بزدلی کی بد ترین مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگرد کسی رعائت کے مستحق نہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک کے امن کو نقصان پہنچانے کی سازش ہیں۔ امن کمیٹی کا قیام دہشت گردی کے خلاف مقامی سطح پر ایک مضبوط دفاعی دیوار تھا اور اس پر حملہ دراصل پاکستان کے پُرامن مستقبل پر حملہ ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ اس افسوس ناک واقعے میں7 بے گناہ افراد جاں بحق اور کچھ معصوم شہری شدید زخمی ہوئے ہیں، جو انتہائی دکھ اور تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانا کسی بھی طور قابلِ برداشت نہیں، دہشت گرد عناصر انسانیت، ریاست اور امن کے مشترکہ دشمن ہیں۔ ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ عوامی تحریک دہشت گردی کے خلاف ریاست کے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ خرم نواز گنڈاپور نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ایسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ امن قائم کرنے والی کمیونٹیز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔


تبصرہ