فیصل آباد کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، پاکستان عوامی تحریک کی مذمت
کیمیکل فیکٹریوں میں حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا مجرمانہ غفلت ہے :آصف سلہریا ایڈووکیٹ
خواتین و بزرگ شہریوں کی شہادت نے ہر دل کو مغموم کر دیا :صدر عوامی تحریک سنٹرل پنجاب
لاہور(22 نومبر 2025) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں ہونے والے افسوسناک دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے میں 15 قیمتی جانوں کا ضائع ہونا پوری قوم کے لیے صدمے کا باعث ہے، خاص طور پر چھ معصوم بچوں، دو خواتین اور بزرگ شہریوں کی شہادت نے ہر دل کو مغموم کر دیا ہے، آصف سلہریا ایڈووکیٹ نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کی سنگین کوتاہیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ رہائشی علاقوں کے اندر کیمیکل فیکٹریوں کا قائم ہونا اور مناسب حفاظتی اقدامات کا نہ ہونا کھلی مجرمانہ غفلت ہے۔ اگر ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے تو یہ جانی نقصان نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ سانحے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور تمام صنعتی اداروں میں سیفٹی آڈٹ، فائر سسٹم اور ایمرجنسی پلان کو لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


تبصرہ