ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ قابلِ مذمت سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی لائقِ تحسین ہے: خرم نواز گنڈاپور

لاہور (24 نومبر 2025) سیکریٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے پشاور میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے بزدلانہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے بہادر جوانوں کے درجات کی بلندی کےلئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ یہ شہدا قوم کے ہیرو اور ہمارا فخر ہیں۔ جب تک وطن کی حفاظت کا یہ جذبہ شہادت موجود ہے کوئی ہماری طرف میلی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے وطن کے تحفظ کے لیے جس بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، جبکہ زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ دشمن عناصر ایک بار پھر ملک کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، مگر یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایف سی اہلکاروں نے بروقت، مؤثر اور دلیرانہ انداز میں دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے ایک بڑا سانحہ ٹال دیا، جو پوری قوم کے لیے فخر اور حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے دی گئی ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔


تبصرہ