سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کی ایران کے انقلابِ اسلامی کی 47ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت

ایرانی سفارت خانہ پاکستان کے زیرِاہتمام سرینہ ہوٹل میں منعقدہ ایران کے انقلابِ اسلامی کی 47ویں سالگرہ کی شاندار اور پُروقار تقریب سرینہ ہوٹل کے شیش محل میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب وقار، اخوت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کا حسین مظہر تھی جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، ڈپلومیٹس، سیاسی و سماجی شخصیات اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معززین نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان عوامی تحریک کے وفد نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں شرکت کی، وفد میں سینئر نائب صدر راجہ زاہد محمود قادری، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا اور محمد اورنگزیب رضا خان شامل تھے۔ وفد نے ایرانی حکام اور دیگر معزز مہمانانِ گرامی سے ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایران اور پاکستان کے مابین تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون، امن اور باہمی احترام کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے اسلامی دنیا میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
ایرانی سفیر برائے پاکستان نے اپنے خطاب میں اسلامی انقلاب کے تاریخی پس منظر، اس کے نظریاتی اہداف اور عالمی سطح پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے لیے سرمایۂ افتخار قرار دیا اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ تقریب نہ صرف ایران کے اسلامی انقلاب کی یادگار تھی بلکہ پاکستان اور ایران کے مابین دوستی، باہمی اعتماد اور علاقائی استحکام کے عزم کی تجدید بھی ثابت ہوئی۔ مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور ممتاز شخصیات کی موجودگی نے اس تقریب کو بین الاقوامی ہم آہنگی اور سفارتی روابط کے فروغ کا عملی نمونہ بنا دیا۔ یہ تقریب اتحادِ امت، سفارتی وقار اور عالمی بھائی چارے کی ایک درخشاں مثال بن کر تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہو گئی۔




تبصرہ